نوجوانوں کو قرآن و سنت سے جوڑنا چاہتے ہیں، اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی: صاحبزادہ وسیم حیدر

اسلام آبادپاکستانتعلیمشخصیات

سیرت کوئز کا مقصد نوجوانوں کو نبی کریم ﷺ کی زندگی اور اسوۂ حسنہ سے روشناس کرانا ہے، ناظم اعلیٰ کا ایوب میڈیکل کالج میں نیشنل محسنِ انسانیت سیرت کوئز کمپٹیشن کی تقریب سے خطاب، ہزاروں طلبہ و طالبات کی شرکت

پشاور

ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ نبی کریم ﷺ کی زندگی ہمارے لیے رول ماڈل اور بہترین نمونہ ہے۔ سیرت کوئز کا مقصد نوجوانوں کو نبی کریم ﷺ کی زندگی اور اسوۂ حسنہ سے روشناس کرانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد میں نیشنل محسنِ انسانیت سیرت کوئز کمپٹیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ تقریب سے اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی ناظم اسفندیار عزت نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ناظم ایبٹ آباد مقام طلحہ جدون، ناظم مانسہرہ ڈویژن طیب سواتی، ناظم ہری پور مقام اسامہ ابرار، ناظم علاقہ ایوب میڈیکل کالج معاذ احمد اور ناظم ایوب میڈیکل کالج حافظ اسامہ ہدایت بھی موجود تھے۔

صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو قرآن و سنت کے ساتھ جوڑنا چاہتے ہیں۔ آج نوجوانوں کو کلچر اور کنسرٹس کی بنیاد پر بے راہ روی اور گمراہی کی طرف لے جایا جا رہا ہے، جبکہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ہمیشہ تعلیمی اداروں میں قرآن و سنت کی بالادستی کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ ایک نظریاتی تحریک ہے، جو نوجوانوں کو نظریۂ اسلام اور نظریۂ پاکستان سے روشناس کرانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ بحیثیت مسلمان نظریۂ پاکستان سے وابستگی اور اس کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔

صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ ہم پاکستان میں نظامِ مصطفیٰ ﷺ کے قیام کے خواہاں ہیں اور اس مقصد کے لیے نوجوانوں کی فکری و نظریاتی تربیت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

              (٭٭٭٭٭٭)

One attachment  •  Scanned by Gmail

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے