جاپان: امریکی فوجی جاپانی خاتون کے قتل کے شبہے میں گرفتار

تازہ تریندنیا

جاپان کے جنوبی جزیرے اوکیناوا میں تعینات 20 سالہ امریکی میرین اہلکار کو ایک جاپانی خاتون کے قتل کے شبہے میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے الزام سے انکار کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لانس کارپورل ڈیون جیکب بالارڈ پر 39 سالہ انا یاگی کو اوکیناوا کے دارالحکومت ناہا کے ایک ہوٹل میں قتل کرنے اور اس کا بٹوا و بیگ لے جانے کا شبہ ہے۔

جاپانی میڈیا کے مطابق جائے وقوعہ کے قریب نصب کیمروں کی فوٹیج میں ایک غیر ملکی شخص کو خاتون کے ساتھ کمرے میں داخل ہوتے اور بعد ازاں اس کے سامان کے ساتھ باہر نکلتے دیکھا گیا۔

جاپان کی وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے امریکی حکام سے احتجاج کرتے ہوئے واقعے کو ’انتہائی سفاکانہ‘ قرار دیا اور امریکی فوج سے تحقیقات میں بھرپور تعاون، اہلکاروں میں نظم و ضبط سخت کرنے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔ امریکی سفیر جارج گلاس نے بھی جاپانی حکام اور اوکیناوا کے گورنر سے تعزیت کرتے ہوئے تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اوکیناوا میں امریکی فوجی اہلکاروں سے منسلک جرائم طویل عرصے سے مقامی سطح پر احتجاج اور جاپان و امریکا کے تعلقات میں تناؤ کا باعث بنتے رہے ہیں۔ جاپان میں تقریباً 54 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں، جن میں بڑی تعداد اوکیناوا میں موجود ہے، جہاں جاپان میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کا تقریباً 70 فیصد حصہ واقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے