پاکستان۔رومانیہ تعلقات میں معاشی تعاون کا نیا باب، ’’پلوئیستی۔کراچی انرجی برج‘‘ کی تجویز

اسلام آباداوورسیزپاکستان

پاکستانی تجارتی وفد کا رومانیہ میں پراہووا چیمبر آف کامرس کا دورہ، توانائی، صنعت اور تجارت میں شراکت داری بڑھانے پر اہم مذاکرات

اسلام آباد، 5 اکتوبر: پاکستان اور رومانیہ کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں پاکستان۔رومانیہ بزنس کونسل (PRBC) کے ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد نے رومانیہ کے شہر پلوئیستی میں پراہووا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔

وفد کی قیادت سندھ میں رومانیہ کے نامزد اعزازی قونصل عاطف فاروقی نے کی، جبکہ پاکستان۔رومانیہ بزنس کونسل کے چیئرمین اور وفد کے نائب سربراہ سہیل شمیم فرپو بھی وفد میں شامل تھے۔

دورے کے دوران سی سی آئی پراہووا کے صدر میریئس مارینیسکو سے ملاقات میں پاکستان اور رومانیہ کے درمیان توانائی، صنعت، تجارت اور کاروباری روابط کو نئی وسعت دینے کے مختلف امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں بالخصوص ’’پلوئیستی۔کراچی انرجی برج‘‘ کے مجوزہ فریم ورک کو اہمیت دی گئی، جس کا مقصد رومانیہ کے خطے پراہووا کی تیل و گیس، ریفائننگ، پیٹروکیمیکل، صنعتی انجینئرنگ، توانائی کی خدمات اور آلات سازی کے شعبوں میں مہارت کو پاکستان کی بڑھتی ہوئی توانائی اور صنعتی ضروریات سے منسلک کرنا ہے۔

وفد نے پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈان سٹوئینسکو کی رہنمائی اور تعاون کو بھی سراہا، جس نے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری رابطہ کاری اور تجارتی مکالمے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ملاقات میں پاکستان۔رومانیہ بزنس کونسل اور سی سی آئی پراہووا کے درمیان تعاون کا ایک باقاعدہ فریم ورک تشکیل دینے کی تجویز بھی زیر غور آئی، جس کے تحت کاروباری معلومات کا تبادلہ، تجارتی وفود کے دوروں میں سہولت، براہِ راست کاروباری روابط، شعبہ جاتی کاروباری فورمز اور ممکنہ تجارتی شراکت داروں کی نشاندہی کی جائے گی۔

سی سی آئی پراہووا کے صدر میریئس مارینیسکو نے پاکستانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے مقامی اور علاقائی سطح کے چیمبرز اور کاروباری ادارے دوطرفہ تجارت میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور نجی شعبے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

پاکستان۔رومانیہ بزنس کونسل کے وفد نے سی سی آئی پراہووا کی قیادت کا پرتپاک استقبال اور مثبت و تعمیری مذاکرات پر شکریہ ادا کیا۔

وفد کے دورے کو پاکستان اور رومانیہ کے درمیان توانائی، صنعتی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے