پاکستان اور پرتگال کا دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بزنس فورم کا انعقاد
اسلام آباد: پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رانجل نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ اور نئے کاروباری مواقع تلاش کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
وہ اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 77 سال مکمل ہونے پر منعقدہ نمائش اور ثقافتی تقریب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

پرتگال کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک بین الاقوامی اور دوطرفہ امور پر مسلسل تعاون کر رہے ہیں۔ پاکستانی قیادت کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی صورتحال، کثیرالجہتی فورمز پر مشترکہ تعاون اور مستقبل میں سفارتی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے اقتصادی تعاون کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ان کے دورے کے دوران ایک اقتصادی فورم بھی منعقد کیا جائے گا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان نئے کاروباری مواقع تلاش کرنا اور تجارتی و سرمایہ کاری کے روابط کو فروغ دینا ہے۔
پاؤلو رانجل نے ثقافت کو اقوام کے درمیان رابطے اور قربت کا مؤثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نمائش اور اس کے ساتھ منعقد ہونے والا موسیقی کا پروگرام عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کی وسیع صلاحیت کا مظہر ہے۔
انہوں نے معروف پرتگالی شاعر لوئس ڈی کاموئس (Luís de Camões) کے لیے مختص نمائش کا خصوصی ذکر کیا، جن کی ادبی تخلیقات اور بحرِ ہند کے خطے میں سفر مختلف تہذیبوں کے درمیان مکالمے اور ثقافتی ہم آہنگی کی علامت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کاموئس کی تحریریں تاریخ کو انسانی ہمدردی، ثقافتی تبادلے، بقائے باہمی اور مختلف معاشروں کے احترام کے تناظر میں دیکھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ پرتگالی وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی، سیاسی اور اقتصادی تعاون مزید وسعت اختیار کرے گا۔
پاکستان پرتگال بزنس فورم کا انعقاد
پاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو نئی جہت دینے کے لیے 23 نومبر کو اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں پاکستان–پرتگال بزنس فورم منعقد کیا جائے گا، جس کا اہتمام اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔
فورم میں پرتگال اور پاکستان کے ممتاز کاروباری رہنما، سرمایہ کار، حکومتی نمائندگان اور مختلف اداروں کے عہدیداران شرکت کریں گے۔ اس موقع پر تجارتی و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے، کاروباری شخصیات کے درمیان براہِ راست روابط (B2B Matchmaking)، مشترکہ منصوبوں اور طویل المدتی اقتصادی شراکت داری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان میں پرتگال کے سفیر پاؤلو میگوئل گویڈیز نے بتایا کہ پاکستان اور پرتگال نے 7 نومبر 1949 کو سفارتی تعلقات قائم کیے تھے اور اس کے بعد سے دونوں ممالک باہمی احترام اور تعاون کی بنیاد پر دوستانہ تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران دونوں ممالک نے سیاسی مکالمے، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور دیگر مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔
پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رانجل کا یہ دورہ ایک اہم موقع ہے جس کے ذریعے پاکستان اور پرتگال کی دیرینہ دوستی کو مضبوط اقتصادی شراکت داری، ادارہ جاتی تعاون اور نئے سفارتی روابط میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ ان کے ہمراہ آنے والا کاروباری وفد بھی دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ دورہ پاکستان اور پرتگال کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں ممالک اپنے عوام کے باہمی مفاد کے لیے تعلقات کو مزید گہرا اور تعاون کے نئے راستے ہموار کریں۔
