ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا کی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات، پارلیمانی، تجارتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایتھوپیا کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پارلیمانی سفارت کاری، تجارت، سرمایہ کاری، ثقافت اور سیاحت سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور زیرِ بحث آئے۔ دونوں جانب سے پارلیمانی روابط کو مضبوط بنانے، اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں اور باہمی تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دیرینہ اور گہرے دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخ، ثقافت اور اقدار کو باہمی تعلقات کی مضبوط بنیاد قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کو افریقی یونین کے مرکز کی حیثیت حاصل ہے، اس لیے پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بروئے کار لاتے ہوئے پورے افریقہ میں اپنے تجارتی، اقتصادی اور سفارتی روابط کو وسعت دے سکتا ہے۔
سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کی حوصلہ افزائی اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا پاکستان کی لُک افریقہ پالیسی کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ انگیج افریقہ پالیسی افریقی ممالک کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور سفارتی تعاون مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاس ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تعاون کے نئے راستوں کی نشاندہی وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت اور استحکام حاصل ہو سکتا ہے۔
