رومانیہ کے معروف میوزک بینڈ ’’اکسینٹ‘‘ کی پاکستان واپسی، اسلام آباد میں سول فیسٹ ریوائنڈ 2026 میں 20 ہزار سے زائد افراد کی شرکت

اسلام آباداوورسیزپاکستانتازہ ترینسفارتی خبریں

اسلام آباد: رومانیہ کے معروف گلوکار اور میوزک آرٹسٹ ایڈرین سینا المعروف ’’اکسینٹ‘‘ نے طویل عرصے بعد پاکستان میں اپنے میوزیکل پرفارمنس کے ذریعے شاندار واپسی کی، جہاں اتوار کی شام ایف نائن پارک اسلام آباد میں منعقدہ تین روزہ میوزک فیسٹیول سول فیسٹ ریوائنڈ 2026 میں 20 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔

تقریب میں پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹونیسکو نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اپنے دورۂ پاکستان کے دوران اکسینٹ نے اسلام آباد میں رومانیہ کے سفارت خانے کی ٹیم سے بھی ملاقات کی۔

فیسٹیول کے آخری روز اکسینٹ کی پرفارمنس رات تقریباً 9 بجے شیڈول تھی۔ ان کے مخصوص رومانیئن ڈانس پاپ میوزک نے شائقین کو محظوظ کیا۔ اس تین روزہ میلے میں پاکستان کے معروف فنکاروں بیان، فرحان سعید اور ابرارالحق نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

اس موقع پر رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹونیسکو نے کہا کہ ایڈرین سینا المعروف اکسینٹ کا پاکستان کے ساتھ ایک پرانا تعلق ہے اور اسلام آباد میں انہیں ملنے والی شاندار پذیرائی اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کی موسیقی پاکستانی مداحوں کے لیے کتنی اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے ایف نائن پارک میں اکسینٹ کا استقبال کرنے کے لیے آنے والے ہزاروں افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سفارت خانے کے لیے یہ باعثِ مسرت ہے کہ رومانیہ کا ایک فنکار اپنے وطن سے اتنی دور آ کر بھی پاکستان میں اتنی بڑی تعداد میں مداح رکھتا ہے۔

رومانیہ کے سفیر نے اکسینٹ کی مقبولیت کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان میں رومانیہ کا ’’دوسرا سفیر‘‘ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان میں ان کے لاکھوں مداح دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی قربت اور عوامی روابط کی خوبصورت مثال ہیں۔

رومانیہ کا پاکستان میں ثقافتی تعاون صرف موسیقی کے بڑے پروگراموں تک محدود نہیں بلکہ تعلیمی شعبے میں بھی جاری ہے۔ رومانیہ کے سفارت خانے نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (PNCA) کے اشتراک سے اسلام آباد میں اوپیرا گائیکی کی کلاسز کے آغاز میں بھی تعاون کیا، جہاں رومانیہ کی معروف سوپرانو گلوکارہ جارجیانا کوستیا گلوگا مقامی گلوکاروں کو تربیت فراہم کر رہی ہیں۔ اس پروگرام نے رواں سال اپریل میں اپنی پہلی سالگرہ بھی منائی۔

یہ میوزیکل فیسٹیول پاکستان اور رومانیہ کے درمیان ثقافتی روابط، فنونِ لطیفہ کے تبادلے اور عوامی سطح پر دوستی کے فروغ کی ایک نمایاں مثال بن کر سامنے آیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے