ملائیشیا کے ہائی کمشنر کا پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ، پاکستانی صحافیوں اور میڈیا نمائندوں میں تعریفی اسناد تقسیم
پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر داتو محمد اظہر مزالان نے جمعہ کے روز پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی تعلقات کو اجاگر کیا۔

ملائیشین ہائی کمیشن میں پاکستانی میڈیا کے نمائندوں اور مشن کے دوستوں کے اعزاز میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ ملائیشیا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کے لیے مل کر آگے بڑھنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پاکستانی صحافیوں اور فوٹو جرنلسٹس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی دوستی اور تعاون کو عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ہائی کمشنر نے یاد دلایا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے سفارتی تعلقات 1957ء سے قائم ہیں اور پاکستان ان ابتدائی ممالک میں شامل تھا جنہوں نے ملائیشیا کی آزادی کو تسلیم کیا۔ انہوں نے ملائیشیا کے آئین کی تیاری میں پاکستانی قانون دان جسٹس عبد الحمید کے کردار کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ تاریخی خدمت مزید پذیرائی کی مستحق ہے۔
انہوں نے ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان میں انہیں اور ان کے اہل خانہ کو ملنے والی محبت اور مہمان نوازی دونوں معاشروں کی ثقافتی قربت کا مظہر ہے۔

دوطرفہ تعاون کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور ملائیشیا تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم، سیاحت، سکیورٹی اور انسدادِ بدعنوانی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دے رہے ہیں، جبکہ علاقائی امن و استحکام کے لیے بھی مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو 2019ء میں اسٹریٹجک شراکت داری کا درجہ دیا گیا۔ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے 2024ء میں پاکستان کا دورہ کیا، جبکہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اکتوبر 2025ء میں ملائیشیا کا دورہ کیا، جس کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشین ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکریٹری محمد عارف شفیق بن محمد فوزی نے صحافیوں کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سفارت کاری صرف سرکاری ملاقاتوں تک محدود نہیں بلکہ عوامی سطح پر روابط اور تعلقات استوار کرنے کا نام بھی ہے۔ انہوں نے ملائیشیا کے مؤقف اور دونوں ممالک کی دوستی کو عوام تک پہنچانے میں میڈیا کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔
انہوں نے پاکستان میں مقیم ملائیشین کمیونٹی کی کاروباری، پیشہ ورانہ اور ذاتی روابط کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں خدمات کو بھی سراہا اور ہائی کمشنر کی جانب سے عوامی رابطوں کو خصوصی اہمیت دینے اور پاکستانی شراکت داروں کے لیے مشن کے دروازے کھلے رکھنے کے اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کے فروغ، میڈیا کے ذریعے مثبت تشہیر اور مسلسل تعاون میں خدمات انجام دینے والے صحافیوں اور ملائیشین کمیونٹی کے نمائندوں میں سرٹیفکیٹس آف اپریسی ایشن تقسیم کیے گئے۔
