چوہدری رحمت علی کا 129واں یومِ ولادت، اسلام آباد کلب میں شاندار تقریب؛ قومی خدمات کو خراجِ عقیدت
چوہدری رحمت علی کا تصورِ پاکستان ہماری قومی شناخت کا روشن باب ہے، نئی نسل کو ان کے افکار و نظریات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے: چوہدری افتخار احمد برسہ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ): بانیانِ تحریکِ پاکستان میں ممتاز مقام رکھنے والے عظیم مفکر، پاکستان کا نام تجویز کرنے والی تاریخی شخصیت اور شہرۂ آفاق پمفلٹ Now or Never کے مصنف چوہدری رحمت علی کے 129ویں یومِ ولادت کے موقع پر قومی امن فورس کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی، حکومتِ پاکستان کے زیرِ اہتمام اسلام آباد کلب میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین چوہدری افتخار احمد برسہ نے کی، جبکہ پارلیمانی سیکریٹری برائے ثقافت مس فرح اکبر ناز، ممتاز مذہبی و روحانی اسکالر ڈاکٹر افشاں ملک، معروف سماجی شخصیت طارق دلدار، شاعر، ادیب و محقق چوہدری لیاقت علی سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری افتخار احمد برسہ نے کہا کہ چوہدری رحمت علی تحریکِ پاکستان کے ان عظیم مفکرین میں شامل ہیں جنہوں نے تصورِ پاکستان کو فکری اور نظریاتی بنیاد فراہم کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ ان کی سیاسی بصیرت، علمی جدوجہد اور پاکستان کے قیام کے لیے خدمات ہماری قومی تاریخ کا ناقابلِ فراموش سرمایہ ہیں۔

دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں چوہدری رحمت علی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے افکار و نظریات آج بھی پاکستانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ نئی نسل کو اپنے قومی محسنوں کی تاریخ، جدوجہد اور نظریاتی ورثے سے آگاہ کرنا قومی ذمہ داری ہے۔

تقریب میں سماجی و سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں چوہدری جہانگیر، چوہدری سجاد، مزمل احمد زاہد، علی اکبر، معظم علی زاہد، مصب چیمہ ایڈووکیٹ، راجہ عثمان ایڈووکیٹ اور دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔

تقریب کے اختتام پر صدرِ محفل چوہدری افتخار احمد برسہ نے تمام مہمانوں اور شرکاء کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں شرکاء کی ہائی ٹی سے تواضع کی گئی۔

قومی تاریخ کے معماروں کو یاد رکھنا زندہ قوموں کی پہچان ہے۔ چوہدری رحمت علی کا نام اور ان کی فکری جدوجہد ہمیشہ تاریخِ پاکستان میں نمایاں مقام رکھے گی۔

