جاپان کے تعاون سے مانسہرہ کے گاؤں بکی میں صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ مکمل، 6 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے

اسلام آباداوورسیزپاکستانتازہ ترینخصوصی رپورٹسدنیاسفارتی خبریںہوم

پاکستان میں جاپان کے سفیر آکامَاتسو شوئیچی نے خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے گاؤں بکی میں صاف پانی کی فراہمی کے نظام کی تنصیب کے منصوبے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ یہ منصوبہ فرینڈز ویلفیئر ایسوسی ایشن (ایف ڈبلیو اے) پاکستان نے مکمل کیا ہے، جو ملک کے محروم اور مستحق طبقات کی تعلیم، صحت، صاف پانی اور سماجی ترقی کے شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہے۔

حکومتِ جاپان نے اپنے گراس روٹس ہیومن سکیورٹی پراجیکٹس (جی جی پی) پروگرام کے تحت اس منصوبے کے لیے 59 ہزار 764 امریکی ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی۔ افتتاحی تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا سردار شہجہان یوسف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مانسہرہ اسد محمود لودھی، جاپانی سفارت خانے کے حکام، ایف ڈبلیو اے کے نمائندوں، مقامی واٹر، سینیٹیشن اینڈ ہائیجین (واش) کمیٹی کے ارکان اور علاقے کے مکینوں نے شرکت کی۔

فرینڈز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے منصوبے کے تحت کششِ ثقل کی مدد سے پانی کی ترسیل کا نظام مکمل کیا ہے، جس میں 6 ہزار 13 میٹر طویل جستی لوہے کی مرکزی پائپ لائن اور پانی جمع کرنے کے لیے ایک ٹینک کی تعمیر شامل ہے۔ منصوبے کی تکمیل میں ادارے کے ساتھ مقامی آبادی نے بھی کھدائی، تعمیراتی سامان کی مقامی سطح پر ترسیل اور پانی کے معیار کی جانچ کے لیے اضافی وسائل فراہم کیے۔

منصوبے کی طویل مدتی افادیت اور پائیداری یقینی بنانے کے لیے 20 ارکان پر مشتمل مقامی واش کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔ کمیٹی کے ارکان کو پانی کے معیار کی نگرانی، صفائی و حفظانِ صحت کے فروغ اور پانی کی فراہمی کے نظام کی دیکھ بھال اور مرمت کے حوالے سے تربیت فراہم کی گئی ہے۔

گاؤں بکی میں صاف پانی کی عدم دستیابی ایک اہم مسئلہ تھا، جس کے باعث مقامی آبادی، بالخصوص خواتین اور بچیوں کو روزانہ پانی حاصل کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ نئے نظام کے ذریعے 6 ہزار سے زائد افراد کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا، جس سے نہ صرف صحتِ عامہ میں بہتری آئے گی بلکہ خواتین اور بچیوں کو پانی لانے کی مشقت سے بھی نجات ملے گی۔ اس کے نتیجے میں بچوں کو تعلیم کے لیے زیادہ وقت مل سکے گا اور مجموعی طور پر مقامی آبادی کے معیارِ زندگی میں بہتری آئے گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپان کے سفیر آکامَاتسو شوئیچی نے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر فرینڈز ویلفیئر ایسوسی ایشن کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی تک رسائی انسانی زندگی میں بہتری اور معاشرے کی پائیدار ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

سفیرِ جاپان نے اس امر پر زور دیا کہ صاف پانی کی فراہمی سے خصوصاً خواتین اور بچیوں کی روزمرہ مشکلات کم ہوں گی، بچوں کو تعلیم کے بہتر مواقع میسر آئیں گے اور پورے علاقے کی صحت اور معیارِ زندگی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے منصوبے کی طویل مدتی کامیابی کے لیے پانی کی فراہمی کے نظام کی مناسب دیکھ بھال اور مؤثر انتظام کو بھی ناگزیر قرار دیا۔

آکامَاتسو شوئیچی نے پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے جاپان کے تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ صاف پانی کی فراہمی کا یہ منصوبہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستی اور تعاون کی ایک دیرپا علامت ثابت ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے