پنجاب حکومت ق لیگ کو دینے کے معاہدے پر عملدرآمد ہوتا تو مریم آج وزیر اعلیٰ نہ ہوتیں، اب ان کے خلاف ن لیگ کے اندر دھڑا بن رہا ہے، غلام مصطفیٰ ملک

اسلام آباداوورسیزپاکستانتازہ ترینخصوصی رپورٹسشخصیات

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ترجمان غلام مصطفیٰ ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے 2023ء میں پنجاب حکومت مسلم لیگ (ق) کو دینے کا معاہدہ کیا تھا، جس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ معاہدے کی پاسداری کی جاتی تو آج مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب نہ ہوتیں۔ مسلم لیگ (ق) نے شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کے لیے اپنا ووٹ دیا، اگر پارٹی حمایت نہ کرتی تو شہباز شریف بھی وزیراعظم نہ بن پاتے۔

’وی نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں مسلم لیگ (ق) کے ترجمان غلام مصطفیٰ ملک نے یہ دعوٰی بھی کیا کہ ن لیگ کے اندر مریم نواز کے خلاف ایک دھڑا بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کا مسئلہ موجود ہے اور یہ حقیقت ہے کہ عام آدمی کو تھانوں، کچہریوں، پٹواریوں، تحصیل داروں اور مختلف سرکاری محکموں میں اپنے جائز کام کروانے کے لیے بھی مشکلات اور مالی مطالبات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری سالک حسین نے کرپشن کے حوالے سے کوئی ذاتی الزام عائد نہیں کیا، بلکہ ایک عمومی مسئلے کی نشاندہی کی تھی، جسے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے غیر ضروری طور پر اپنی ذات اور حکومت کے خلاف سمجھ لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ کرپشن صرف پنجاب نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے اور کسی بھی حکومت کے لیے یہ کہنا ممکن نہیں کہ اس کے دور میں کرپشن مکمل طور پر ختم ہو گئی ہے۔

غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ مریم نواز خود بھی تسلیم کر چکی ہیں کہ پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے اور وہ یہ دعویٰ نہیں کرتیں کہ کرپشن مکمل طور پر ختم ہو گئی ہے۔

ہمارا مؤقف بھی یہی ہے کہ کرپشن موجود ہے اور اسے روکنے کے لیے عملی اقدامات کیے جانے چاہییں۔ ہم صرف یہ کہہ رہے ہیں کہ پنجاب میں سب اچھا نہیں ہے۔ اگر حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے تو اسے عملی طور پر نافذ کیا جائے، کسی نے حکومت کو کرپشن کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنے سے نہیں روکا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا روزانہ عام لوگوں سے واسطہ پڑتا ہے اور ہمیں ان کے مسائل کا براہِ راست علم ہوتا ہے۔ تھانوں اور کچہریوں میں کرپشن، سرکاری محکموں میں بدانتظامی، پٹواریوں اور تحصیل داروں کے مقررہ ریٹس اور عام شہری کے لیے مشکلات کسی سے پوشیدہ نہیں۔

سوال یہ ہے کہ کیا یہ سب کرپشن کے زمرے میں نہیں آتا؟ اگر کوئی شخص ذاتی حیثیت میں بدعنوانی کر رہا ہے تو اس سے حکومت اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو جاتی۔

انہوں نے کا کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا یہ قول کہ اگر دریائے فرات کے کنارے کوئی کتا بھی بھوکا مر گیا تو اس کی ذمہ داری مجھ پر ہو گی، حکمرانوں کی ذمہ داریوں کی بہترین مثال ہے۔ اگر پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے تو حکومت کو اسے تسلیم کرکے اپنی کوتاہیوں کی اصلاح کرنی چاہیے۔

غلام مصطفیٰ ملک نے مزید کہا کہ ہماری بنیادی تشویش عام آدمی کے مسائل ہیں۔ کسی بڑے منصوبے میں کرپشن ہوئی ہے یا نہیں، وزیراعلیٰ کے کسی ترقیاتی منصوبے میں شفافیت برقرار رہی ہے یا نہیں، یہ اپنی جگہ اہم معاملات ہیں، لیکن عام شہری کا مسئلہ یہ ہے کہ اس کا تھانے میں کام نہیں ہو رہا، کچہری میں اسے مشکلات کا سامنا ہے اور سرکاری دفتر میں بغیر پیسے دیے اس کی شنوائی نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو کم از کم ان بنیادی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو چاہیے کہ جہاں بھی بدانتظامی یا کرپشن کی شکایت سامنے آئے، وہاں فوری کارروائی کریں۔ کسی ڈپٹی کمشنر کے خلاف کارروائی کرنا اچھی بات ہے، لیکن اصل ضرورت یہ ہے کہ عوام کو عملی ریلیف فراہم کیا جائے۔

ن لیگ کا اتحادیوں کے خلاف تضحیک آمیز رویہ

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کا مسئلہ صرف کرپشن نہیں بلکہ اتحادیوں کے ساتھ اختیار کیا جانے والا رویہ بھی ہے۔ عظمیٰ بخاری کی جانب سے یہ کہنا کہ ’تھالی میں چھید کر رہے ہیں‘ اور مریم نواز کا اٹک کے جلسے میں یہ کہنا کہ وہ انہیں عدالت میں گھسیٹیں گی، انتہائی نامناسب اور تضحیک آمیز گفتگو تھی۔

غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ اس طرزِ عمل سے مسلم لیگ (ق) کے کارکنوں اور رہنماؤں کو دکھ پہنچا ہے۔ ہمارا مؤقف یہ ہے کہ ہم اتحادی ہیں، حکومت کے ساتھ چل رہے ہیں اور عوامی مسائل کی نشاندہی کرنا ہمارا حق ہے۔ ہمیں توقع تھی کہ ان شکایات پر بات کرنے کے بجائے ہمارے خلاف سخت بیانات دینے کے بجائے حکومت ہمیں اعتماد میں لیتی اور مسائل کے حل کے لیے مل بیٹھتیں۔

غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) خود کو اس نظام سے بالاتر نہیں سمجھتی۔ جن لوگوں نے موجودہ سیاسی قیادت کو اقتدار تک پہنچایا، ہم بھی اسی سیاسی نظام کا حصہ ہیں۔

مزید پڑھیں:حکومت سازی: ق لیگ کا پنجاب میں بڑا عہدہ لینے کا فیصلہ

ہم نے 2023ء میں ایک معاہدے کے تحت مسلم لیگ(ن) کا ساتھ دیا تھا۔ اس وقت پاکستان تحریک انصاف کے خلاف سیاسی حالات تھے، مسلم لیگ (ق) خود حکومت کا حصہ تھی اور اس کے 2 وزرا بھی اپنے عہدوں پر موجود تھے۔ اس کے باوجود چوہدری شجاعت حسین اور ان کے صاحبزادوں نے سیاسی قربانی دی، خاندان تقسیم کیا اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑے ہوئے۔

ن لیگ نے پنجاب کی حکومت ق لیگ کو دینے کا وعدہ کیا تھا

ان کے بقول، 2023ء میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہونے والے معاہدے میں یہ طے پایا تھا کہ پنجاب کی حکومت مسلم لیگ (ق) کو دی جائے گی۔

اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت خود چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر آئی، ملاقات ہوئی، مبارک باد دی گئی اور کھانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

 بعدازاں ایک مزید معاہدہ بھی ہوا، جس کے تحت آئندہ سیاسی انتظام میں مسلم لیگ (ق) کو پنجاب کی حکومت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ اگر اس معاہدے پر عمل ہوتا تو آج مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب نہ ہوتیں۔ اسی طرح اگر مسلم لیگ (ق) اس وقت اپنا ووٹ نہ دیتی تو شہباز شریف وزیراعظم نہ بن پاتے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین، چوہدری شافع حسین اور چوہدری سالک حسین نے اپنے سیاسی فیصلے کی خاطر خاندان کی تقسیم برداشت کی اور اپنے وعدے کی پاسداری کی۔

پرویز الٰہی کی جانب سے بعدازاں عمران خان کا ساتھ دینے سے خاندان میں سیاسی تقسیم ضرور پیدا ہوئی، لیکن چوہدری شجاعت حسین اور ان کے صاحبزادوں نے اپنے وعدے سے انحراف نہیں کیا۔ اسی سیاسی وفاداری کے نتیجے میں چوہدری سالک حسین کو وفاقی کابینہ میں شامل کیا گیا۔

غلام مصطفیٰ ملک نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ق) کے پاس ماضی میں بھی دو وزارتیں تھیں۔ طارق بشیر چیمہ اور مونس الٰہی وفاقی کابینہ میں شامل رہے، جبکہ بعد میں بھی شہباز شریف کی حکومت میں مسلم لیگ(ق) کو دو وزارتیں دی گئیں۔

پنجاب میں بھی پارٹی کے 2 وزرا، بابو رضوان اور حافظ عمار یاسر، کابینہ کا حصہ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) کے پاس اسمبلی میں اپنی نمائندگی اور سیاسی حیثیت موجود ہے، اس لیے پارٹی کے سیاسی کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کے مستقبل میں مسلم لیگ (ق) کے ساتھ دوبارہ سیاسی طور پر اکٹھا ہونے کے امکان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سیاست میں کوئی چیز حرفِ آخر نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ ممکن ہے مستقبل میں کسی مقام پر دونوں خاندان اور سیاسی دھڑے دوبارہ اکٹھے ہو جائیں۔ انہیں ایسا ہونا بھی چاہیے، کیونکہ وہ ایک خاندان ہیں اور اگر پاکستان کی سالمیت اور بقا کے لیے انہیں مل کر کام کرنا پڑے تو اس میں کوئی حرج نہیں۔

تاہم، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ق) کے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد کے امکان پر انہوں نے کہا کہ فی الحال اس حوالے سے بات کرنا قبل از وقت ہے۔ جب انتخابات قریب آئیں گے تو نئی سیاسی صف بندیوں کا جائزہ لیا جائے گا اور اسی کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ  مسلم لیگ (ن) نے ماضی میں مسلم لیگ (ق) کے ساتھ جو وعدے کیے تھے، وہ پورے نہیں کیے۔

گجرات میں مسلم لیگ (ن) نے ہمارے خلاف امیدوار کھڑا کیا، جس کے باعث چوہدری سالک حسین کو انتخابی مہم کے دوران یہ کہنا پڑا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ ہماری مخالفت کرتی رہے، ہم انتخابات لڑیں گے۔ اس لیے آئندہ انتخابات میں سیاسی اتحاد اور ترجیحات کا ازسرنو تعین کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پیپلز پارٹی اور ق لیگ کے سابق رہنما فیصل صالح حیات مسلم لیگ ن میں شامل

انہوں نے کہا کہ اگر حالات نے تقاضا کیا تو مسلم لیگ (ق) وزارتیں چھوڑنے اور حکومتی نظام سے الگ ہونے کا فیصلہ بھی کر سکتی ہے۔

وزارتیں ہمیشہ کے لیے نہیں ہوتیں اور چوہدری خاندان کے لیے وزارتیں کوئی ایسی حیثیت نہیں رکھتیں کہ ان کے بغیر سیاسی سفر جاری نہ رہ سکے۔

چوہدری ظہور الٰہی، چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری وجاہت حسین جیسے رہنماؤں نے طویل عرصے تک سیاست اور عوامی خدمت کی ہے۔ اگر آج وزارتیں چلی بھی جائیں تو اس سے خاندان کی سیاسی حیثیت یا عوامی خدمت کے عزم پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

گجرات کی ترقی اور وہاں کے بنیادی مسائل کے حوالے سے ہونے والی تنقید پر غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کئی دہائیوں سے اقتدار میں ہے۔

نواز شریف 2 مرتبہ وزیراعلیٰ پنجاب رہے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز بھی اس منصب پر فائز رہے، جبکہ اب مریم نواز وزیراعلیٰ ہیں۔

اگر ترقیاتی کاموں میں کمی رہ گئی ہے تو اس کی ذمہ داری صرف مسلم لیگ (ق) پر عائد نہیں کی جا سکتی۔ گجرات سمیت مختلف علاقوں میں ترقیاتی ضروریات بہت زیادہ ہیں اور کوئی ایک حکومت تمام مسائل حل نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری شافع حسین اور چوہدری سالک حسین نے ہمیشہ گجرات کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن) سے اپنے لیے کچھ نہیں مانگا بلکہ عوام کے لیے ترقیاتی بجٹ اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کیا ہے، لیکن یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ عوام کا حق ہے کہ انہیں بنیادی سہولتیں اور بہتر شہری خدمات فراہم کی جائیں۔

حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ فی الحال مسلم لیگ (ق) میں ایسی کسی تحریک کا حصہ بننے کے حوالے سے کوئی گفتگو نہیں ہو رہی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق)، مسلم لیگ (ن)کی اتحادی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ معاہدے اور سیاسی روایات کے مطابق ساتھ چلیں۔ ہم نے جس معاہدے کے تحت مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا تھا، اس کا احترام کرنا چاہتے ہیں اور آخری حد تک کوشش کریں گے کہ یہ سیاسی تعاون برقرار رہے۔ آئندہ انتخابات کے وقت نئی سیاسی صورت حال کے مطابق فیصلے کیے جائیں گے۔

ہر ڈویژن کو صوبے کا درجہ ملنا چاہیئے

نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) اس مؤقف کی مکمل حمایت کرتی ہے کہ ملک میں نئے انتظامی یونٹس قائم ہونے چاہییں۔

چوہدری سالک حسین کا اس معاملے پر واضح مؤقف ہے کہ ہر ڈویژن کو صوبے کا درجہ دیا جانا چاہیے۔ ان کے خیال میں اختیارات کا ایک ہی مقام پر مرتکز ہونا انتظامی مسائل کا بنیادی سبب ہے۔ لاہور میں بیٹھ کر پورے پنجاب کے معاملات چلانے سے دور دراز علاقوں کے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھکر یا اٹک سے کسی شہری کو لاہور آنا پڑے تو اسے کئی مشکلات برداشت کرنا پڑتی ہیں۔ ترقیاتی بجٹ اور انتظامی اختیارات کا بڑا حصہ لاہور میں مرتکز ہے، جبکہ جنوبی پنجاب، بہاولپور اور دیگر علاقوں کے عوام بھی اپنے علاقوں میں ترقیاتی وسائل اور اختیارات کی منصفانہ تقسیم کے حق دار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:انتخابی اصلاحات کمیٹی میں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کو 2، 2 نشستیں ملیں گی، طارق فضل چوہدری

جس طرح لاہور کے شہریوں کو حکومتی وسائل سے فائدہ پہنچتا ہے، اسی طرح دوسرے علاقوں کے لوگوں کو بھی ان کے ٹیکسوں کے ذریعے حاصل ہونے والے وسائل سے مستفید ہونے کا حق ملنا چاہیے۔

کئی سیاستدانوں کی ق لیگ میں شمولیت کا امکان

مسلم لیگ(ق) میں اہم سیاسی شخصیات کی شمولیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی شخصیت اور سیاسی وضع داری کی وجہ سے بہت سے لوگ ان کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

متعدد اہم شخصیات سے رابطے جاری ہیں اور پارٹی بھی ان معاملات کو آگے بڑھنے کا انتظار کر رہی ہے۔ ممکن ہے آنے والے چند دنوں میں مسلم لیگ(ق) کی جانب سے کوئی اچھی خبر سامنے آئے۔

تاہم محسن نقوی سے پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے تاحال کوئی بات چیت نہیں ہوئی اور نہ ہی انہوں نے ایسی کسی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

غلام مصطفیٰ ملک نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ مسلم لیگ (ق) کسی سیاسی پریشر گروپ یا کسی خفیہ منصوبے کا حصہ بن رہی ہے، تاہم انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے اندر ممکنہ اختلافات اور ایک نئے دھڑے کی تشکیل کے امکانات کی طرف اشارہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے حالیہ سخت بیانات اور ان کے جارحانہ طرزِ گفتگو سے محسوس ہوتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے اندر بھی کچھ معاملات پسِ پردہ چل رہے ہیں۔

مریم نواز نے خود بھی یہ بات کی ہے کہ ان کے بعض وزرا سمجھتے ہیں کہ انہیں صورتِ حال کا علم نہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اختلافات صرف ایک شخصیت تک محدود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض حلقوں میں ملک احمد خان کا نام بھی لیا جا رہا ہے، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ مسلم لیگ (ق) میں شامل ہو رہے ہیں۔ میری بات یہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے اندر ایک الگ دھڑا بننے کی باتیں ہو رہی ہیں۔

اس صورتِ حال میں مسلم لیگ (ق) کا کوئی کردار نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہیے، منتخب نمائندوں اور ارکانِ اسمبلی کو وقت دینا چاہیے اور ان سے اپنے فاصلے کم کرنے چاہییں۔ ممکن ہے اس طرح پارٹی کے اندر پیدا ہونے والے اختلافات کا حل نکل آئے۔

کرپشن کے معاملے پر چوہدری سالک اور شافع میں اختلاف نہیں

چوہدری سالک حسین اور چوہدری شافع حسین کے کرپشن سے متعلق مؤقف میں بظاہر فرق کے حوالے سے غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ دونوں الگ الگ شخصیات ہیں اور اپنی رائے رکھنے میں خودمختار ہیں، تاہم پارٹی پالیسی ایک ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے 11 ارکانِ صوبائی اسمبلی اور 5 ارکانِ اسمبلی کی نمائندگی موجود ہے، اس لیے اسے چند افراد تک محدود سیاسی جماعت سمجھنا درست نہیں۔ اختلافِ رائے اپنی جگہ، لیکن پارٹی پالیسی جب بھی سامنے آئے گی، وہ ایک ہی ہو گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ چوہدری شافع حسین اور چوہدری سالک حسین کے درمیان کرپشن کے معاملے پر کوئی اختلاف نہیں۔

جب مریم نواز خود تسلیم کر رہی ہیں کہ پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے تو چوہدری شافع حسین اس حقیقت سے انکار کیوں کریں گے؟ ہمارا مؤقف یہی ہے کہ کرپشن موجود ہے اور حکومت کو اسے ختم کرنے کے لیے اقدامات کرنے چاہییں۔

غلام مصطفیٰ ملک نے پنجاب اور وفاق میں ممکنہ حکومتی تبدیلی کے سوال پر کہا کہ موجودہ سیاسی حالات کو دیکھتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ کہیں نہ کہیں تبدیلی کی فضا بن رہی ہے۔

مزید پڑھیں:چیئرپرسن بی آئی ایس پی کی چوہدری سالک حسین سے ملاقات، بینظیر ہنرمند پروگرام پر گفتگو

خواجہ آصف کے بیانات، مریم نواز کی گفتگو اور ان کے حالیہ سخت ردعمل سے اندازہ ہوتا ہے کہ کچھ معاملات پسِ پردہ ضرور چل رہے ہیں۔

ممکن ہے آنے والے وقت میں یہ صورتِ حال مزید واضح ہو جائے، تاہم وہ یقین دلاتے ہیں کہ مسلم لیگ (ق) کسی سازشی عمل یا خفیہ سیاسی منصوبے کا حصہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بات صرف کرپشن اور عوامی مشکلات کے حوالے سے ہے۔ ہم نے عمومی مسئلے کی نشاندہی کی ہے اور آج بھی اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کو عوام کے لیے ماں کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ لوگ اپنے مسائل لے کر حکومت کے پاس آتے ہیں اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کی توقع کرتے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے بجائے انہیں ریلیف فراہم کرے۔

ریاست کے بارے میں مولانا فضل الرحمان کے لہجے پر تحفظات

مولانا فضل الرحمان کے حالیہ سخت سیاسی مؤقف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مولانا ایک قابلِ احترام شخصیت ہیں، تاہم ریاست کے حوالے سے ان کے لب و لہجے پر ہمارے تحفظات اور اعتراضات موجود ہیں۔

انہیں بھی چاہیے کہ اپنے مؤقف کے اظہار میں تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں۔ موجودہ حالات میں مکالمے کی ضرورت ہے اور بہت سے معاملات بات چیت کے ذریعے حل کیے جا سکتے ہیں۔ کسی بھی سیاسی رہنما کو ریاست کے خلاف کھڑے ہونے کے بجائے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان لاکھوں لوگوں کے رہنما ہیں، اس لیے ان کی گفتگو میں ذمہ داری، تحمل اور بردباری ہونی چاہیے۔

ان کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو یہ رہا ہے کہ وہ مشکل سیاسی معاملات کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ امید ہے کہ موجودہ سیاسی کشیدگی بھی جلد کم ہو جائے گی اور معاملات بہتر سمت میں آگے بڑھیں گے۔

ن لیگی قیادت چوہدری برادران کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چوہدری سالک حسین کی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ موجودگی اور دونوں کے تعلقات کے حوالے سے غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ گزشتہ کابینہ اجلاس میں چوہدری سالک حسین موجود تھے اور وزیراعظم کے قریب بیٹھے ہوئے تھے۔

میری معلومات کے مطابق وزیراعظم نے ان سے کرپشن کے حوالے سے بیان پر کوئی بازپرس نہیں کی۔ چوہدری سالک حسین نے مریم نواز یا پنجاب حکومت کے کسی وزیر پر براہِ راست کرپشن کا الزام نہیں لگایا، بلکہ عمومی بات کی تھی۔

ان کا مؤقف وہی ہے جو خواجہ آصف سمیت مسلم لیگ (ن) کے بعض دیگر رہنما بھی مختلف مواقع پر بیان کر چکے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے اندر بھی کئی سیاسی معاملات پر اختلافات موجود ہیں۔ حمزہ شہباز کا لاہور سے اسلام آباد آنا، مریم نواز کی مستقبل میں وزیراعظم بننے کی خواہش اور حمزہ شہباز کا سیاسی نظام سے پیچھے ہوتا دکھائی دینا، یہ سب ایسے معاملات ہیں جن پر پارٹی کے اندر مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔

ان کے خیال میں مریم نواز کی وزیراعظم بننے کی خواہش ایک سیاسی حقیقت ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

مزید پڑھیں:میں نے عراق میں پاکستانی زائرین کی گمشدگی کا کوئی بیان نہیں دیا، چوہدری سالک حسین

غلام مصطفیٰ ملک کے مطابق، جاتی امرا میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور چوہدری صاحبان کے درمیان ایک ملاقات بھی ہوئی ہے۔ ہماری معلومات کے مطابق اس ملاقات میں اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنے اور چوہدری صاحبان کو ناراض نہ کرنے کی بات کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام اتحادی جماعتوں کو مناسب احترام اور اہمیت دی جائے۔

مسلم لیگ (ق) کے سیاسی احیا اور دوبارہ ایک بڑی سیاسی قوت بننے کے امکانات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ مسلم لیگ (ق) کا اچھا وقت آنے والا ہے۔

پارٹی کے پاس ماضی کا سیاسی تجربہ، مضبوط تنظیمی بنیادیں اور عوام میں اثر و رسوخ موجود ہے۔ اس کی ایک مثال گوجرانوالہ میں حالیہ انتخابی صورتِ حال ہے، جہاں مقامی تنظیم نے چوہدری سالک حسین کے خلاف چلائی جانے والی مہم پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار قاضی بری کی حمایت کی۔

انہوں نے بتایا کہ گوجرانوالہ کے متعدد پولنگ اسٹیشنز کے نتائج ان کے پاس موجود ہیں، جہاں گزشتہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے بھاری اکثریت حاصل کی تھی، لیکن اس مرتبہ مسلم لیگ (ق) کے مقامی اثر و رسوخ کے باعث نتائج تبدیل ہوئے۔

گھمن والا میں گزشتہ انتخابات کے دوران مسلم لیگ (ن) کا امیدوار تقریباً 300 ووٹوں سے کامیاب ہوا تھا، جبکہ حالیہ انتخاب میں مسلم لیگ (ق) کے مقامی رہنما عتیق گھمن کے ناراض ہونے اور ان کے اثر و رسوخ کے باعث مسلم لیگ (ن) کا امیدوار تقریباً 500 ووٹوں سے شکست کھا گیا۔

ان کے مطابق یہ نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ مسلم لیگ (ق) کی جڑیں اب بھی موجود ہیں اور پارٹی اپنے سیاسی اثر و رسوخ کو دوبارہ مستحکم کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری سالک حسین کی شخصیت بھی پارٹی کے لیے ایک اہم سیاسی اثاثہ ہے۔ وہ تحمل مزاج، وضع دار اور سنجیدہ سیاست دان ہیں۔ لوگ ان سے بات کرنا اور انہیں سننا پسند کرتے ہیں۔ کرپشن کے خلاف ان کے مؤقف کے بعد مسلم لیگ (ق) کا سیاسی گراف مزید بہتر ہوا ہے اور پارٹی کو عوامی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔

مریم نواز کے اچھے کام

مریم نواز کے ترقیاتی منصوبوں اور حکومتی کارکردگی کے حوالے سے غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے کئی اچھے کام کیے ہیں اور مسلم لیگ (ق) نے ہمیشہ ان کے مثبت اقدامات کو سراہا ہے۔

ان کے بقول صوبائی وزارتِ صنعت و تجارت کے تحت چوہدری شافع حسین نے بیرونِ ملک سے سرمایہ کاری لانے کے لیے نمایاں کوششیں کی ہیں، جس کا کریڈٹ وزیراعلیٰ مریم نواز کو بھی جاتا ہے، کیونکہ وہ صوبائی حکومت کی ٹیم لیڈر ہیں۔

تاہم، انہوں نے کہا کہ اچھے کاموں کی تعریف کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ حکومت کی تمام پالیسیوں کو درست قرار دے دیا جائے۔

صحت کے شعبے میں ادویات کی عدم دستیابی، تعلیمی اداروں کی نجکاری اور دیگر انتظامی مسائل ایسے معاملات ہیں جن پر حکومت کو توجہ دینی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت چلنی تو ہے مگر کس سمت میں اس کا تعین ہونا باقی ہے، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین

’صاف ستھرا پنجاب‘ ایک اچھی اسکیم ہے اور جہاں حکومت نے اچھے کام کیے ہیں، ہم نے ان کی تعریف کی ہے اور آئندہ بھی کریں گے، لیکن اس کے ساتھ غلطیوں اور کوتاہیوں کی نشاندہی کرنا بھی ضروری ہے۔

وزیراعلٰی کے قانونی نوٹس کا بھرپور جواب دیا جائے گا

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے 5 ارب روپے کے ہتکِ عزت کے دعوے کے حوالے سے غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کی قانونی ٹیم اس معاملے پر اپنا جواب تیار کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یا تو کرپشن کے الزامات کے ثبوت پیش کیے جائیں یا معافی مانگی جائے، تاہم مسلم لیگ (ق) اس کا باقاعدہ قانونی جواب دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے پر بھرپور جواب دیں گے اور ہمارا مؤقف واضح ہے۔ کرپشن کے حوالے سے جو بات کی گئی ہے، وہ ایک عمومی مسئلے کی نشاندہی ہے، جس پر ہم آج بھی قائم ہیں۔ ان کے بقول، قانونی کارروائی کا جواب دینے کے بعد ممکن ہے کہ بالآخر وزیراعلیٰ پنجاب کو خود معافی مانگنا پڑے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے