بینائی تیز کرنے والی غذائیں

–
بعض افراد اس کی صحت مندی پر بالکل دھیان نہیں دیتے، جس کی وجہ سے ان کی آنکھیں جلد خراب ہو جاتی ہیں
پیر 14 اکتوبر 2024سہیل خان
عمومی صحت کی بہتری کے لئے اچھی غذا کا استعمال تو بے حد ضروری ہے ہی لیکن کچھ غذائیں ایسے وٹامنز پر مشتمل ہوتی ہیں، جو آپ کی قوت بصارت کو بہتر بناتی ہیں۔آنکھیں قدرت کا انمول تحفہ ہیں، لیکن بعض افراد اس کی صحت مندی پر بالکل دھیان نہیں دیتے، جس کی وجہ سے ان کی آنکھیں جلد خراب ہو جاتی ہیں۔وہ غذائیں جن سے آنکھوں کی بینائی تیز ہو سکتی ہے:
مچھلی
مچھلی میں پائے جانے والے اومیگا 3 (چکنائی) کے بارے میں تو آپ نے اکثر سنا ہو گا کہ یہ کولیسٹرول کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ آنکھوں کے اعصاب کو مضبوط اور خشک آنکھوں جیسی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔
ڈاکٹرز سختی سے ہدایت کرتے ہیں کہ ایسی خوراک استعمال کی جائے جس میں اومیگا 3 پایا جاتا ہو کیونکہ یہ آنکھوں کے امراض کو کم کرنے میں نہایت سود مند ثابت ہوتا ہے۔
گاجر
گاجر میں شامل وٹامن اے آنکھوں کی صحت کے لئے نہایت مفید ہے اور ایک گاجر میں اوسطاً 5 ہزار ملی گرام وٹامن اے ہوتا ہے۔وٹامن اے نہ صرف آنکھوں بلکہ قوت مدافعت اور جلد کی صحت کے لئے بھی نہایت فائدہ مند ہے۔
ماہرین کے مطابق روزانہ ایک گلاس گاجر کے جوس کا استعمال آپ کو بینائی سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔گاجر میں وٹامن اے، پوٹاشیم، کاربوہائیڈریٹ اور ریشے پائے جاتے ہیں جو بینائی کو تیز کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
پھول گوبھی، بند گوبھی اور شملہ مرچ
یہ سبزیاں وٹامن سی کی اچھی خاصی مقدار پر مشتمل ہوتی ہیں، جو نہ صرف قوت مدافعت بلکہ بصارت کو بڑھانے میں بھی نہایت معاون ثابت ہوتی ہیں۔پالک
پالک ایسی سبزی ہے، جس میں آئرن اور وٹامن سی کی بہت بڑی مقدار ہوتی ہے، جو آپ کی آنکھوں کے لئے سن اسکرین (دھوپ کے مضر اثرات سے بچانے والی کریم) کا کام کرتی ہے۔
خشک میوہ جات
تمام میوہ جات بالخصوص بادام اور مونگ پھلی میں وٹامن ای سے بھرپور غذائی عناصر پائے جاتے ہیں، جو آنکھوں کی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔
