زیتون کے تیل سے فالج کا خطرہ کم –

بوڑھے افراد فالج سے تحفظ کے لئے زیتون کا تیل ضرور کھائیں، کیونکہ فالج بوڑھوں کا ایک عام مرض ہے
امریکا میں شائع شدہ فرانس کی ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق 65 سال کے 7000، افراد کے مطالعے سے ثابت ہوا ہے کہ جن افراد نے اپنی غذا میں زیتون کا تیل شامل رکھا، وہ فالج کے حملے سے محفوظ رہے۔فرانس کے دوسرے شہروں میں 65 سال کے 7665، افراد کا پانچ سال تک جو مطالعہ کیا گیا، اس سے یہ بات سامنے آئی کہ اس عرصے میں ان افراد میں سے 148 فالج کا شکار ہوئے۔
اس تحقیقی مطالعے کے لئے ان افراد کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔
ان میں وہ افراد بھی شامل تھے، جو زیتون کا تیل کھایا کرتے تھے اور وہ افراد بھی شامل تھے، جو یہ تیل بالکل نہیں کھاتے تھے۔
اس مطالعے میں ان افراد کے وزن، جسمانی سرگرمی اور ان کی غذائی عادت کا معائنہ اور مطالعہ کیا گیا، جس سے پتا چلا کہ زیتون کا تیل زیادہ مقدار میں کھانے والے افراد میں ان افراد کے مقابلے میں فالج کا خطرہ 41 فیصد کم تھا، جو زیتون کا تیل بالکل نہیں کھاتے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اب ضروری ہے کہ بوڑھے افراد فالج سے تحفظ کے لئے زیتون کا تیل ضرور کھائیں، کیونکہ فالج بوڑھوں کا ایک عام مرض ہے۔زیتون کا تیل کھانا نہ صرف آسان ہے، بلکہ دواؤں کے مقابلے میں سستا بھی ہے۔
