کوٹلہ ڈائیلاسز سنٹر 14 سے بڑھ کر 21 مشینوں کے ساتھ عوامی خدمت میں مصروف، جدید لیبارٹری کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی:چوہدری شفقات عدالت

اسلام آبادپاکستانتازہ ترینشخصیاتصحت

ریسکیو 1122 منصوبہ فنڈز کی کمی کے باعث سست روی کا شکار، سول ہسپتال کوٹلہ کی اپ گریڈیشن کا ٹینڈر مکمل ہو چکا ہے۔

کوٹلہ:(عاطف چوہدری سے ) کوٹلہ ڈائیلاسز سنٹر کے سی ای او چودھری شفقات عدالت سے میڈیا نمائندگان نے ملاقات کی، جس میں سنٹر کی کارکردگی، طبی سہولیات میں بہتری اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کی اپ گریڈیشن کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چودھری شفقات عدالت نے بتایا کہ 14 ڈائیلاسز مشینوں سے شروع ہونے والا یہ ادارہ الحمدللہ اب 21 مشینوں کے ذریعے مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ کھاریاں، لالہ موسیٰ، ڈنگہ، جلالپور جٹاں، کڑیانوالہ، گلیانہ اور جھانٹلہ سمیت گردونواح کے مختلف علاقوں سے مریض اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈائیلاسز کی سہولت کے ساتھ ساتھ سنٹر میں جدید لیبارٹری بھی قائم کی گئی ہے، تاکہ عوام کو مناسب اخراجات پر ٹیسٹوں کی سہولت میسر آئے اور انہیں نجی لیبارٹریوں کے مہنگے ٹیسٹوں کے باعث درپیش مالی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔

چودھری شفقات عدالت نے کوٹلہ کے صحافیوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مقامی صحافیوں نے جس طرح اس ادارے کی معاونت کی اور عوامی خدمت کے اس مشن کو اجاگر کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ میڈیا آئندہ بھی صحت اور عوامی فلاح کے منصوبوں کی مثبت انداز میں تشہیر اور رہنمائی کا کردار ادا کرتا رہے گا۔

ریسکیو 1122 کے منصوبے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فنڈز کی کمی کے باعث منصوبے پر کام کی رفتار نسبتاً سست ہے، تاہم اس کی تکمیل کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سول ہسپتال کوٹلہ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا ٹینڈر بھی مکمل ہو چکا ہے۔ ان منصوبوں کی نگرانی حکومتِ پنجاب، بالخصوص ڈپٹی کمشنر گجرات اور سی ای او ہیلتھ کی جانب سے کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق متعلقہ حکام کی نگرانی اور تعاون سے علاقے میں عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں کو آگے بڑھانے میں مدد مل رہی ہے۔

چودھری شفقات عدالت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوٹلہ اور گردونواح کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی، تاکہ مستحق مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات ان کے قریب میسر آ سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے