جاپان، پاکستان سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ، لوگو ڈیزائن مقابلے کا عالمی سطح پر آغاز
اسلام آباد، 5 اکتوبر (ڈی این اے): جاپان اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو 2027ء میں 75 برس مکمل ہونے کے موقع پر دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی اور مضبوط تعلقات کو اجاگر کرنے کے لیے ڈیجیٹل لوگو ڈیزائن مقابلے کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس میں دنیا بھر سے جاپان اور پاکستان کے شہری حصہ لے سکتے ہیں۔

مقابلے کا مقصد ایسا منفرد اور تخلیقی لوگو تیار کرنا ہے جو جاپان اور پاکستان کے درمیان دوستی، شراکت داری اور قریبی تعلقات کی عکاسی کرے۔ منتخب ہونے والے ڈیزائن کو جاپان اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کا سرکاری لوگو قرار دیا جائے گا اور اسے 2027ء کے دوران سالگرہ کی مناسبت سے منعقد ہونے والی مختلف تقریبات اور سرگرمیوں میں استعمال کیا جائے گا۔
مقابلے میں کسی بھی عمر کے افراد، دنیا کے کسی بھی ملک میں رہتے ہوئے حصہ لے سکتے ہیں۔ لوگو ڈیزائن جمع کرانے کی آخری تاریخ 23 اکتوبر 2026ء مقرر کی گئی ہے، جبکہ مقابلے کے نتائج کا اعلان جاپان کی وزارتِ خارجہ کی ویب سائٹ پر دسمبر 2026ء کے اواخر میں متوقع ہے۔
شرکاء اپنے ڈیجیٹل لوگو ڈیزائن JPEG، PDF یا EPS فارمیٹ میں ای میل کے ذریعے جاپان کی وزارتِ خارجہ کے ساؤتھ ویسٹ ایشین ڈویژن کو ارسال کریں۔ ای میل کا موضوع “Logo Entry” ہونا چاہیے، جبکہ ڈیزائن کے ساتھ تقریباً 80 الفاظ پر مشتمل علیحدہ وضاحت بھی ارسال کرنا ضروری ہے۔
لوگو اس ای میل پتے پر بھیجا جا سکتا ہے:
[email protected]
جاپانی وزارتِ خارجہ کے مطابق جمع کرایا جانے والا ڈیزائن اصل اور پہلے سے غیر شائع شدہ ہونا چاہیے اور کسی تیسرے فریق کے کاپی رائٹس کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے۔
مقابلے کے لیے ایسے ڈیزائن قابلِ قبول نہیں ہوں گے جن میں توہین آمیز، غیر قانونی، سیاسی یا مذہبی تشہیری، ثقافتی یا سماجی طور پر غیر حساس، تجارتی یا کسی بھی اعتبار سے نامناسب مواد شامل ہو۔ اس کے علاوہ جنریٹو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) کے ذریعے تیار کردہ لوگو ڈیزائنز کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ لوگو مقابلہ جاپان اور پاکستان کے درمیان 75 سالہ سفارتی شراکت داری، دوستی اور عوامی روابط کو نئی نسل کے تخلیقی انداز میں اجاگر کرنے کا ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
