کلیفٹ ہسپتال کی گجرات چیمبر کی نومنتخب قیادت کو مبارک باد، الحاج امجد فاروق کی قیادت میں وفد کی تہنیتی ملاقات

اسلام آباد

کلیفٹ ہسپتال کی گجرات چیمبر کی نومنتخب قیادت کو مبارک باد، الحاج امجد فاروق کی قیادت میں وفد کی تہنیتی ملاقات

گجرات چیمبر کی نومنتخب قیادت کو کلیفٹ ہسپتال کے دورے کی دعوت، رفاہی سرگرمیوں اور کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی کے فروغ پر زور

گجرات: پاکستان میں کٹے ہونٹ اور تالو کے مسائل کے شکار بچوں کے مفت علاج کے لیے خدمات انجام دینے والے کلیفٹ ہسپتال کے وفد نے الحاج امجد فاروق کی قیادت میں گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کی نومنتخب قیادت کو مبارک باد پیش کی۔

وفد میں ڈاکٹر اعجاز بشیر، احمد حسن مٹو، مرزا اشفاق بشیر، شیخ گلریز نبی، احمد یاسین، میر اسفند یار شفیق اور حمزہ اعجاز شامل تھے، جبکہ سابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود بھی اس موقع پر موجود تھے۔

الحاج امجد فاروق نے گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر ملک مظہر اقبال اعوان، سینیئر نائب صدر میاں غلام محی الدین احمد، نائب صدر سالار ناظر اور اراکینِ ایگزیکٹو باڈی کو دلی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے نومنتخب عہدیداران کو گلدستے پیش کیے اور ہار پہنائے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے الحاج امجد فاروق نے کہا کہ گجرات چیمبر کی نومنتخب قیادت کو کلیفٹ ہسپتال کی جانب سے دلی مبارک باد اور نیک تمنائیں پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک مظہر اقبال اعوان کی قیادت میں گجرات چیمبر کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ سماجی و رفاہی شعبے میں بھی مؤثر کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری نہ صرف ملکی معیشت کی مضبوطی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے بلکہ معاشرے کی فلاح و بہبود اور ضرورت مند طبقات کی مدد میں بھی اس کا کردار انتہائی اہم ہے۔ کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی (CSR)، صحت، تعلیم اور دیگر رفاہی شعبوں میں کاروباری اداروں اور چیمبرز کی شمولیت معاشرے کی متوازن ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

الحاج امجد فاروق نے کہا کہ گجرات چیمبر کاروباری برادری، عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان رابطے اور مؤثر پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نومنتخب قیادت گجرات کے تاجروں اور صنعت کاروں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح کے منصوبوں کی بھی سرپرستی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کلیفٹ ہسپتال گجرات میں کٹے ہونٹ اور تالو کے مسائل کے شکار بچوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ایک بڑے انسانی اور رفاہی مشن پر کام کر رہا ہے اور اس مشن کو مزید وسعت دینے کے لیے معاشرے کے صاحبِ حیثیت افراد، کاروباری اداروں اور مختلف شعبوں سے تعاون کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر الحاج امجد فاروق نے گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نومنتخب قیادت، صدر ملک مظہر اقبال اعوان سمیت دیگر عہدیداران اور ایگزیکٹو باڈی کے ارکان کو کلیفٹ ہسپتال کے دورے کی خصوصی دعوت بھی دی، تاکہ وہ ہسپتال کی طبی و رفاہی خدمات کا خود مشاہدہ کر سکیں۔

چیمبر کی نومنتخب قیادت نے کلیفٹ ہسپتال کی خدمات کو سراہتے ہوئے وفد کا شکریہ ادا کیا اور رفاہی و سماجی شعبے میں تعاون کے حوالے سے مثبت جذبات کا اظہار کیا۔

ملاقات کے اختتام پر الحاج امجد فاروق نے گجرات چیمبر کی نومنتخب قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ نئی قیادت گجرات کی کاروباری برادری کی مؤثر نمائندگی کے ساتھ شہر کی اجتماعی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے