انوکھا ’’ای چالان‘‘
کیا آپ کے ساتھ کبھی ایسا ہوا کہ آپ کی گاڑی یا موٹر بائیک گھر پر ہو۔ آپ نے پورا دن گاڑی استعمال ہی نہ کی ہو مگر اس کے باوجود آپ کو ای چالان کا میسج موصول ہوا ہو؟ آج مجھے ٹریفک وائلیشن کا میسج موصول ہوا تو میری حیرت کی انتہا نہ رہی کیونکہ میں آج دوست کے ساتھ انہی کی گاڑی پر کہیں گیا ہوا تھا اور میرے جس موٹر بائیک کا ای چالان ہوا وہ پورا دن میں نے استعمال ہی نہیں کیا۔ ای چالان کو پڑھا تو معلوم ہوا کہ میں نے اوور سپیڈ اور ڈینجرس ڈرائیونگ کی ہے۔ چالان 1000 روپے ہے اور ساتھ لکھا ہے کہ اگر 14 دن کے اندر جمع کرائیں گے تو 50 فیصد ڈسکاؤنٹ ہے مطلب مقررہ تاریخ کے اندر 500 روپے ادا کئے جا سکتے ہیں۔ اگر میں نے ٹریفک وائلیشن کی ہے تو پھر ڈسکاؤنٹ کے نام پر رعایت کیسی؟
موصول ہونے والے میسج میں نہ گاڑی کی تصویر ہے نہ گاڑی کا نمبر ہے۔ ہاں پنجاب کی آفیشل ویب سائٹ پر چالان موجود ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ سسٹم سے دیا گیا ہے۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ ناکے چوراہوں پر کھڑے ٹریفک وارڈنز کو جیسے چالان کا ٹارگٹ دیا جاتا تھا اور وہ اپنے ٹارگٹ کی تاک میں رہتے تھے ویسے ہی اب سسٹم سے ٹارگٹ پورا کیا جا رہا ہے؟
جو لوگ ای چالان پر اعتراض کیا کرتے تھے میں ہمیشہ یہی سمجھتا رہا کہ چالان ادا کرنے سے بچنے کیلئے یہ لوگ حیل حجت کرتے ہیں مگر جب میرا خود کا انوکھا چالان ہوا تو مجھے وہ لوگ درست لگنے لگے۔ پچھلے دنوں اداکارہ صنم جنگ نے ایک ماہ کے دوران 6 ای چالان پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو کام انہوں نے کیا ہی نہیں اس کا جرمانہ کیوں ادا کریں تو مجھے تب بھی ایک لمحے کیلئے لگا شاید بلاوجہ اعتراض کر رہی ہیں۔ میں ہمیشہ نظام کی بہتری اور مروجہ نظام میں ٹیکنالوجی کا حامی رہا ہوں۔ لیکن جدید ٹیکنالوجی کے نام پر ایسے گل کھلائے جائیں تو مجھے شہری ہونے کے ناطے اس پر اعتراض ہے۔
بات 1000 یا 500 روپے کی نہیں ہے جس کا ارتکاب کیا ہی نہیں اس کا جرمانہ کیوں ادا کریں؟
پوسٹ لکھنے کا مقصد یہ ہے کیا یہ صرف میرے ساتھ ہوا ہے یا آپ میں سے اور کوئی بھی اس طرح متاثر ہوا ہے؟
ای چالان میں ایسا کچھ نہیں لکھا کہ میں نے کس جگہ ٹریفک کی خلاف ورزی کی ہے ایسے موقع پر مجھے خود کو درست ثابت کرنے کیلئے کیا کرنا ہو گا۔ میں یہ اس لئے کرنا چاہتا ہوں کہ ای چالان کے نام پر شہریوں کے ساتھ جو زیادتی ہو رہی ہے اس کا ازالہ ہو سکے۔ میری رہنمائی کریں کہ میں خود کو کیسے سچا ثابت کر سکتا ہوں۔ میرے وہ دوست جو 26 جولائی کو پورا دن میرے ساتھ تھے وہ اس بات کے شاہد ہیں۔
کیا کوئی ایسا فورم ہے جہاں سے معلوم کیا جا سکے کہ بھائی ہم نے کب اور کہاں ٹریفک کی خلاف ورزی کی ہے؟
کہیں ایسا تو نہیں کہ ای چالان سسٹم میں ابھی تک خرابیاں موجود ہیں جس میں بہتری کی ضرورت ہے؟
کیا کوئی ریاست اپنے شہریوں کی جیبوں سے یوں پیسے نکال کر خوشحال ہو سکتی ہے؟
یا پھر میں خاموشی سے چالان جمع کرا دوں اور نظام کو برا بھلا کہتا رہوں؟
